لاہور (بیوروچیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ایم پی اے ممتاز چانگ کی قیادت میں پاکستان میں موجود چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سولر انرجی، الیکٹرک بسوں اور ونڈ انرجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان محبت، اعتماد اور دوستی کا اٹوٹ رشتہ قائم ہے۔ پاکستان چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً چینی کمپنیوں کے لیے کاروباری حالات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جاسکے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت کی ترجیحات میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا شامل ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستان کو ایک پُرامن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں جس محبت اور خلوص کا سامنا ہوتا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
چینی سرمایہ کاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی معاشی و صنعتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور ملک کی ترقی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔



