اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دانش یونیورسٹی ملک کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی، جبکہ یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔
اجلاس میں دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی اسامیوں کیلئے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ کے مطابق ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ورچوئل اسکول میں کامیاب ہونے والے طلبہ کیلئے پانچ ماہ کی مدت پر مشتمل 100 فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی ورچوئل کلاسز کیلئے ٹیسٹ ملک کے 40 سے زائد شہروں میں 24 اکتوبر 2026ء کو منعقد کیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل کرلی جائے گی، جبکہ یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027ء سے ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کے منصوبے میں میرٹ، معیاری تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ملک کے روشن مستقبل کیلئے ضروری ہے۔



