
لاہور: (بیوروچیف)ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے اور پروٹیکٹر سٹیکرز تیار کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹس، جعلی ویزا سٹیکرز اور شہریوں کے شناختی کارڈز برآمد کر لیے گئے۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق خفیہ اطلاع پر سبزہ زار سکیم کے ای بلاک لاہور میں کارروائی کی گئی، جہاں سے 305 پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہوئے۔
مختلف ممالک کے جعلی ویزا سٹیکرز اور جعلی پروٹیکٹر سٹیکرز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران شہریوں کے 100 شناختی کارڈز بھی برآمد ہوئے، جبکہ جعلی دستاویزات تیار کرنے میں ملوث ملزم جاوید اقبال کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم سبزہ زار لاہور کا رہائشی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم جاوید اقبال ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کے مقدمہ نمبر 551/2020 میں بھی مطلوب تھا۔ایف آئی اے حکام نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ جعلی ویزوں اور پروٹیکٹر سٹیکرز کے نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



