پاکستانتازہ ترین

حکومتی نااہلی کے باعث قزاقوں سے پاکستانی بازیاب نہ ہوسکے: حافظ نعیم

کراچی (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے صومالی قزاقوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سید کاشف عمر کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مرحوم کے والد سید فاروق عمر، بھائی سید آصف عمر، بیٹے سید ایزان عمر اور سید یوہان عمر سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ان کے مؤقف کے مطابق حکومتی نااہلی کے باعث قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کو بروقت بازیاب نہیں کرایا جا سکا، جس کے نتیجے میں تین خاندان اپنے وارثوں سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مرحوم کے بچوں سے تعزیت کے لیے ان کے گھر آئے ہیں۔ بچوں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ ان کے والد کو بازیاب کرا لیا جائے گا، تاہم قزاقوں نے انہیں قتل کر دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے اس معاملے پر رابطہ کیا اور پاکستانی شہریوں کی جلد از جلد بازیابی کے لیے بات کی۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہدا کے اہل خانہ کی مالی معاونت کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button