ملتان (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں اپنی ناکام گورننس اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکامی کے بعد اب وفاق پر چڑھائی کا ارادہ رکھتی ہے۔ اگر ان کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہوتا تو آج انہیں ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پیش نہ آتی۔
حمزہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ کی وفات پر ان کے صاحبزادوں، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ملک منیر اقبال چنڑ سے اظہار تعزیت کے لیے ملتان پہنچے۔
اس موقع پر انہوں نے ملک اقبال چنڑ کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی وفات کو مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اقبال چنڑ کی سیاست کا علم اب ان کے صاحبزادوں نے تھام لیا ہے۔ ملک ظہیر اقبال چنڑ کا ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اہم منصب پر فائز ہونا پارٹی میں ان کی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔
بعد ازاں حمزہ شہباز سابق رکن پنجاب اسمبلی سلطانہ شاہین کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے، جہاں انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
حمزہ شہباز شریف نے بہاولپور میں سابق صوبائی وزیر احسان الدین قریشی کی وفات پر بھی ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔



