لاہور، مری (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پہلے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا آغاز کردیا اور بلاسود قرض حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بلاسود قرض حاصل کرنے والے کاروباری افراد سے ملاقات کی اور پنک سالٹ سے تیار کی جانے والی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو دنیا بھر میں پاکستان کے نام سے متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اسکیم کے تحت مزید افراد کو قرضے جاری کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی اور سیکرٹری معدنیات پرویز بٹ نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ اسکیم پر 1.456 ارب روپے کا سود پنجاب حکومت ادا کرے گی۔
بریفنگ کے مطابق 110 ایکڑ پر قائم قائدآباد پنک سالٹ پراسیسنگ یونٹ کو خصوصی صنعتی کلسٹر کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ پنک سالٹ منرل پروسیسنگ یونٹ کے ذریعے 10 ہزار سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور برآمدات میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت اور ایک قیمتی معدنی اثاثہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سے خام پنک سالٹ کم قیمت پر خرید کر دیگر ممالک میں زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاتا رہا ہے، اس لیے اب عالمی مارکیٹ میں خام مال کے بجائے پاکستان کا برانڈڈ پنک سالٹ متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کا معدنی خزانہ ہے اور اسے ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی مارکیٹ تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے ذریعے نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کی معاونت بھی کی جائے گی اور پنجاب حکومت ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ مصنوعات کو عالمی منڈی تک رسائی دلانے میں مدد فراہم کرے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پنک سالٹ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بعض معدنی وسائل کے ٹھیکے دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، اب معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد پنجاب کے عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
مری ڈویلپمنٹ پلان، پانی اور سڑکوں کے منصوبوں کا جائزہ
دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرپرسن اسٹیئرنگ کمیٹی برائے مری ڈویلپمنٹ پروگرام مریم اورنگزیب نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ مری میں واٹر سپلائی کے پانچ بڑے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
بریفنگ کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مری کے لیے شروع کی گئی بڑی واٹر سپلائی اسکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ چار بڑے منصوبوں کی تکمیل سے مری کو 7 لاکھ گیلن اضافی پانی دستیاب ہونے لگا ہے۔
دریائے جہلم سے مری تک بلک واٹر سپلائی کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے دسمبر 2028ء کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت سات پمپنگ اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ منصوبے کی تکمیل سے مری اور کوٹلی ستیاں کی سوا چار لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔
راولپنڈی، مری، کشمیر (RMK) روڈ کی تعمیر، توسیع اور مرمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ مال روڈ مری پر تجاوزات کے خاتمے کے بعد شہر کا پہلا ایمفی تھیٹر بھی تعمیر کیا جائے گا، جہاں 600 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ مال روڈ پر مری کا پہلا سرسبز و شاداب ہل ویو پارک بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کی رکن سے ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے یورپی پارلیمنٹ کی رکن میری فاطمہ خان ہولچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زراعت، آئی ٹی ٹیکنالوجی کے فروغ اور تجارتی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی پارلیمنٹ کی رکن نے پنجاب میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہا، جبکہ یورپی وفد نے اقلیتوں کے لیے مینارٹی کارڈ اور دیگر اقدامات کو بھی سراہا۔
چین کے قومی دن پر مبارکباد
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر چینی عوام اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے چینی قوم کی محنت، استقامت اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ترقی اور امن کے لیے چین کا کردار قابل تحسین ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
بزرگ شہریوں کو خراج تحسین
مریم نواز شریف نے بزرگ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بزرگ شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے سبق ہیں۔ پنجاب حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔



