پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ہانگ کانگ سپر سکسز: پاکستان نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور (سلمان حسین) ہانگ کانگ میں جاری سپر سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ سی کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز بنائے، تاہم قومی ٹیم نے مطلوبہ 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔ پاکستان کے کپتان عباس آفریدی کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ہانگ کانگ کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز بنائے۔ ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپننگ بیٹر خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 41 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 35 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button