لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے برطانوی ہائی کمیشن کے گورننس ایڈوائزر لیوس ایونز کی قیادت میں وفد نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پارلیمانی روابط، گورننس اور ترقیاتی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے وفد میں سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ، سینئر پروگرام منیجر صدیقہ بتول اور پروگرام آفیسر ارتضیٰ ساجد شامل تھے۔
اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پارلیمانی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پارلیمانی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ تکنیکی اور پالیسی کی سطح پر تعاون خطے کی پائیدار ترقی کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی جمہوری نظام کے استحکام، مؤثر قانون سازی اور پارلیمانی روایات کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات میں ارکان پنجاب اسمبلی احمد اقبال اور ذوالفقار علی شاہ، سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب، ایڈوائزر اسامہ خاور اور پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔



