گود اور بروک کے اشتراک سے اینیمل ویلفیئر سینٹر، سکول کا افتتاح

لاہور:(بیوروچیف) ٹھوکر نیاز بیگ میں مال بردار جانوروں کی بہبود کے لیے اینیمل ویلفیئر سینٹر اور ان کے مالکان کے بچوں کے لیے سکول کا افتتاح کردیا گیا۔ عالمی سطح پر جانوروں کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیم بروک اور ملکی سماجی تنظیم ’’گود‘‘ کے اشتراک سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبے کا آغاز کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہیڈ آف پروگرام بروک پاکستان ڈاکٹر مان چہار، ایڈووکیسی مینجر مقداد مہدی تھے۔ ان کی آمد پر ڈائریکٹر ’گود‘ نذیر غازی، ڈاکٹر عمران کبیر اور عملے نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر نذیر غازی نے بتایا گیا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں300 گھروں پر مشتمل تقریباً گھوڑوں، گدھوں اور خچروں سمیت لگ بھگ 2 ہزار خاندان مال بردار جانور پالنے سے وابستہ ہیں۔ بروک اور گود کی جانب سے ان جانوروں کی صحت، بہبود اور ان کے مالکان کے خاندانوں کی فلاح کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہیڈ آف پروگرام بروک پاکستان ڈاکٹر مان چہار نے مال بردار جانور پالنے والے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ بعدازاں انہوں نے نئے قائم کیے گئے سکول کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور تعلیمی معیار کے حوالے سے بریفنگ لی۔
ڈاکٹر مان نے نئے داخلے کے خواہش مند بچوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی، منصوبے کے تحت مال بردار جانوروں کے مالکان کے بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بروک کا ہیڈ آفس برطانیہ کے شہر لندن میں ہے اور تنظیم دنیا کے مختلف حصوں میں جانوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے، جبکہ سماجی تنظیم گود کا ہیڈ آفس لاہور میں ہے۔ ’گود‘ اور ’بروک‘ کے تعاون سے پاکستان میں مال بردار جانوروں کے تحفظ اور ان کے مالکان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔



