google-site-verification: google86e8af3a50b80061.html
انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینتعلیم/ادبعلاقائی خبریں

جاپانی اعزازی قونصل جنرل ندیم شاہ کا پاکستان گرائمر سکول کا دورہ

کوئٹہ:( وی او این)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان سید ندیم عالم شاہ نے کرانی روڈ نیو ہزارہ ٹائون کوئٹہ میں واقع پاکستان گرائمر سکول کا دورہ کیا۔اس موقع پر پاکستان گرائمر سکول کوئٹہ کے چیف ایگزیکٹو حسین علی چنگیزی ، حمید مہدی ، سکول کی پرنسپل میڈم معصومہ،ٹیچرز نایاب اور ناہیدسمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

مس ناہیدہ نے معزز مہمان کوگلدستہ پیش کیااس موقع پرجاپانی اعزازی قونصل جنرل کو سکول کے تعلیمی و انتظامی امور، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سید ندیم عالم شاہ نے سکول کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تعلیمی سرگرمیوں، مستقبل کے عزائم اور دلچسپیوں کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، محنت، تحقیق اور مثبت سوچ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر جاپانی معاشرے میں تعلیم، نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور محنت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں نئی نسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل نے کہا کہ تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے معیاری تعلیم ناگزیر ہے۔

پاکستان گرائمر سکول کوئٹہ کے چیف ایگزیکٹو حسین علی چنگیزی ،حمید مہدی اور سکول کی پرنسپل میڈم معصومہ نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل کی آمد کو پاکستان گرائمر سکول کیلئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دورے طلبہ میں عالمی سطح پر آگے بڑھنے، مختلف ثقافتوں کو سمجھنے اور تعلیم کے ذریعے ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ سید ندیم عالم شاہ کے پاکستان گرائمر سکول کے دورے کے موقع پر پاک جاپان دوستانہ تعلقات، تعلیم اور نوجوانوں کیلئے مستقبل کے ممکنہ مواقع کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاپانی اعزازی قونصل جنرل ندیم شاہ کا پاکستان گرائمر سکول کے چیف ایگزیکٹو حسین علی چنگیزی ،حمید مہدی اور بچوں کے ہمراہ گروپ فوٹو

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button