ایران جنگ غیر قانونی،پاکستان کا خاتمے میں تعمیری کردار:امریکی سینیٹر

ہیوسٹن:(رپورٹ کامران جیلانی) امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے ایران کے خلاف امریکی جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان نے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
ہیوسٹن میں ممتاز ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور معروف پاکستانی امریکن اٹارنی نعمان حسین کی جانب سے دیے گئے استقبالیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرس وان ہولن نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں نہ صرف جانی اور مالی نقصان ہوا بلکہ اس سے امریکا کی عالمی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

امریکی سینیٹر نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط کے فروغ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دے کر پاکستانی معیشت کی ترقی میں مدد دی جا سکتی ہے۔کرس وان ہولن سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی عوام کے لیے فی کس 5 ہزار ڈالر دینے کے اعلان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس دعوے پر تنقید کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو ’’کون آرٹسٹ‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کے باعث امریکی عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان کے مطابق عوام کو فی کس 1700 ڈالر فوری طور پر ادا کیے جانے چاہئیں۔اس موقع پر وی اواین سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی امریکن ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ کی قیمت امریکی عوام کو گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور ہوشربا مہنگائی کی صورت میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ جنگ کے معاشی اثرات براہ راست عام امریکی شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں، جبکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔استقبالیے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے مختلف رہنماؤں اور اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔



