اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ بنے۔ وہ اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
"میں جو کچھ ہوں والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں”
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں، اپنے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہیں۔ ان کے مطابق ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا اور جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جج کے کردار یا طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار کسی ایک شخص کو حاصل نہیں، اور جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اکثر یہ قول سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ جج میں چار خوبیاں ہونی چاہئیں: وہ تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سنے، دانشمندی سے جواب دے، سنجیدگی سے غور و فکر کرے اور غیر جانبداری سے فیصلہ کرے۔
آزاد عدلیہ اور آئین کی بالادستی
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آج کل آزاد عدلیہ کی بات ہوتی ہے، تاہم عدلیہ کو آزاد ہونے کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کے ماتحت بھی ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق عدلیہ کی آزادی استحقاق نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے، اور اس کا احترام صرف گفتگو سے نہیں بلکہ فیصلوں سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین اختیار کا سرچشمہ اور اختیارات کی حدود کا تعین کرنے والی دستاویز ہے، جو پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کو بتاتی ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی قائم کرنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے، اور عدلیہ کو آئین کی تشریح اور اس پر دیانت داری سے عمل درآمد یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے تحت اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہیں۔ حقوق اور قانون تک عام شہریوں کی رسائی اسی طرح ہونی چاہیے جس طرح طاقتور اور بااثر افراد کو حاصل ہوتی ہے۔ ایک جج آئین اور قانون کی بالادستی صرف اپنے عدالتی فیصلوں کے ذریعے برقرار رکھ سکتا ہے۔
عدلیہ ایگزیکٹو سے الگ کیوں ہو؟
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ کو مداخلت سے آزاد اور سیاسی مصلحتوں یا کسی دباؤ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق عدلیہ ایگزیکٹو سے الگ رہ کر ہی ریاستی اداروں سے جواب طلبی کر سکتی ہے، اور اگر ایسا نہ ہو تو قانون طاقتور کی خواہش کا غلام بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو سائلین کے لیے ڈر اور خوف کی جگہ نہیں ہونا چاہیے، بلکہ خوف ان کے لیے ہونا چاہیے جو آئین و قانون کے خلاف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزاد عدلیہ چاہیے، مگر اسے آئین و قانون کے تابع ہی ہونا چاہیے۔
ساتھی ججوں کا شکریہ اور پارلیمنٹ سے امید
انہوں نے کہا کہ بطور جج انہیں سب سے زیادہ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ہاشم کاکڑ نے سپورٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیلا انسان کچھ نہیں ہوتا اور صلاح مشورے سے کیے گئے فیصلے ٹھیک ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ بھی اجتماعی دانش کے تحت فیصلے کرے گی۔
اٹارنی جنرل کا خراجِ تحسین
ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جسٹس جمال مندوخیل سکول میں فٹبال ٹیم کے کپتان رہے اور یہی کپتانی والی صلاحیت قانونی امور میں بھی برقرار رہی۔
اٹارنی جنرل کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل اہم قانونی عہدوں پر فائز رہے، بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اہم فیصلے کیے، جبکہ بطور جج سپریم کورٹ بھی ان کے تاریخی فیصلے موجود ہیں۔ انہوں نے سول، سروس اور کریمنل کیسز میں اہم فیصلے دیے۔



