لاہور (بیورو چیف / سید ظہیر نقوی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کیتھ لیب اور جمنیزیم / سپورٹس کمپلیکس بحالی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے پنجاب کے ہر ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کے لیے 24 گھنٹے سے زیادہ ٹائم نہ دینے کی ہدایت کی۔
ڈی ایچ کیو جہلم میں کیتھ لیب کا افتتاح
وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو جہلم کی کیتھ لیب کے وارڈ، سیمی موڈیولر آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کیتھ لیب کے سٹور میں ادویات اور انجیکشن کا معیار اور ایکسپائری چیک کی، کنسول روم سے لائیو انجیو گرافی کا مشاہدہ کیا اور انجیو پلاسٹی کے بعد رو بہ صحت مریضوں کی عیادت کی۔
دبئی کے ڈرائیور شہزاد نوید نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں بتایا کہ وہ دل کی تکلیف پر مفت علاج کے لیے پاکستان آئے تھے۔ ان کے مطابق فیصل آباد میں ایک ہفتے بعد کا وقت ملا، تاہم بہن کے کہنے پر جہلم آئے تو فوری طور پر انجیو پلاسٹی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد آنے پر پاکستان پہلے سے بہت بہتر لگ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جہلم کے عوام کو دل کے علاج کے لیے اب دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، ای سی جی، جدید آپریشن تھیٹر اور وینٹی لیٹرز سے آراستہ اس کیتھ لیب میں اب تک 2400 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ پنجاب کے کسی بھی ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کے لیے مریض کو انتظار نہ کرنا پڑے، اور گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات ہر شہری کا حق ہے۔
جمنیزیم اور سپورٹس کمپلیکس کی بحالی
جہلم کے سپورٹس کمپلیکس اور جمنیزیم کی بحالی کا پراجیکٹ 11 کروڑ 95 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ کی جمنیزیم آمد پر کھلاڑیوں نے پرجوش استقبال کیا۔ مریم نواز نے پوسٹر اٹھائے کھڑی کمسن بچیوں کو پیار کیا اور ہائی فائی کیا۔ ننھی بچیوں نے "تیریاں ریساں کون کرے” لوک گیت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے ایک خاتون پلیئر کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلی، شطرنج کے کھلاڑی کو تالیاں بجا کر شاباش دی، بچیوں کو آٹو گراف دیے اور تصاویر بنوائیں۔ ایک کمسن پلیئر نے انہیں کڑھائی والا دوپٹہ پیش کیا اور تاج پہنایا۔ انہوں نے سپیشل پلیئر کو اشاروں کی زبان میں سلام کیا اور خیریت پوچھی۔
شاندار چوک اور اولڈ رام دین بازار
وزیراعلیٰ شاندار چوک میں اولڈ رام دین بازار بھی پہنچیں، جہاں جہلم کا ماڈل بازار کارکنوں اور نوجوانوں سے بھر گیا۔ شاندار چوک مین بازار کو ٹریفک کے لیے بند کر کے واک وے قرار دیا گیا ہے۔ بازار میں فٹ پاتھ، اطراف میں کوبل سٹون اور روڈ فرنیچر مہیا کیا گیا ہے، جبکہ انڈر گراؤنڈ وائرنگ، 260 دکانوں پر خوبصورت شیڈ، وکٹورین لائٹس، پلانٹرز اور بینچ بھی نصب کیے گئے ہیں۔
اپنی چھت، اپنا گھر: زاہدہ بی بی کے گھر کا افتتاح
مریم نواز جہلم کے علاقے نیو آبادی اسلام پورہ میں زاہدہ بی بی کو نئے گھر کی مبارکباد دینے بھی پہنچیں۔ زاہدہ بی بی نے "اپنی چھت، اپنا گھر” سکیم کے تحت قرض لے کر چار مرلے کا مکان بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان کی فیملی کے ساتھ مل کر گھر کا باقاعدہ افتتاح کیا، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور قائد نواز شریف کا سلام بھی پہنچایا۔
وزیراعلیٰ کو ساگ اور آلو کی بھجیاں پیش کی گئیں، جو انہوں نے رغبت سے کھائیں، اور دیسی آٹے کی خستہ روٹی کو بھی پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے اور جب کوئی گھر بنتا ہے تو دلی خوشی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق "اپنی چھت، اپنا گھر” پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے، جس کی افادیت اور انفرادیت کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔



