پاکستانتازہ ترین

کوہاٹ دھماکہ: 18 گھنٹے بعد آپریشن مکمل، تمام 8 حملہ آور ہلاک، شہدا کی تعداد 24 ہوگئی؛ بلوچستان میں 11 دہشتگرد مارے گئے

کوہاٹ میں 17 پولیس اہلکاروں اور 7 شہریوں سمیت 24 افراد شہید، 129 زخمی؛ پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، کوئٹہ میں موٹرسائیکل دھماکے سے 2 افراد ہلاک

کوہاٹ، پشاور (ویب ڈیسک) کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز سے ملحقہ جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد مسلح حملے کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 24 ہوگئی، جبکہ 129 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق تقریباً 18 گھنٹے جاری رہنے والے کلیئرنس آپریشن کے دوران تمام 8 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

کوہاٹ میں 18 گھنٹے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل

پولیس اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کے قریب واقع جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد متعدد دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ مسلح حملہ آوروں نے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور سپیشل برانچ کی عمارتوں میں داخل ہوکر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

واقعے کے بعد پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جو تقریباً 18 گھنٹے جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے پرانی پولیس لائنز کی سرکاری عمارت کی بالائی منزل، تہہ خانے اور دیگر تمام حصوں کو کلیئر کر دیا۔ کارروائی کے دوران تمام 8 حملہ آور ہلاک ہوگئے، جس کے بعد آپریشن مکمل کرلیا گیا۔

شہدا میں 17 پولیس اہلکار اور 7 شہری شامل

پولیس اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں مزید دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی، جن میں 17 پولیس افسران و اہلکار اور 7 عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 129 بتائی گئی ہے۔

شہدا میں ایس پی ٹریفک اکبر شنواری ساکن تخت بھائی، مردان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عصمت اللہ اور ان کے بھائی انسپکٹر نعمت اللہ ساکنان لکی مروت، فرنٹیئر ریزرو پولیس کے سب انسپکٹر اشتیاق بخاری ساکن کوہاٹ، انسپکٹر صاحب الرحمان ساکن بنوں، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر معظم علی ساکن کرک اور سب انسپکٹر کفیل خان ساکن کوہاٹ سمیت دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔

واقعے میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ شہدا میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عصمت اللہ اور ان کے بھائی انسپکٹر نعمت اللہ بھی شامل ہیں۔

شہری شہدا میں کوہاٹ کے رہائشی لقمان اور ان کے دو کمسن بچے عبداللہ اور اسداللہ بھی شامل ہیں، جبکہ اورکزئی سے تعلق رکھنے والے چلڈرن اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل اور خوشحالی بینک کے منیجر اسحاق علی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

زخمی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی بھی آخری مرحلے تک آپریشن میں شریک رہے

پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کرنے والے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (سی ٹی ڈی) بھی دستی بم کے حملے میں زخمی ہوئے، تاہم زخمی ہونے کے باوجود وہ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کے ہمراہ آپریشن کے آخری مرحلے تک فرنٹ لائن پر موجود رہے۔

واقعے کے بعد کوہاٹ شہر اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

کوہاٹ حملے میں مبینہ افغان خودکش بمبار کی شناخت

دوسری جانب کوہاٹ دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں ملوث ایک خودکش بمبار کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر افغان شہری تھا۔

حکام کے مطابق دوسرے حملہ آور کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ حملے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بلوچستان: پنجگور اور چاغی میں 11 دہشتگرد ہلاک

دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں کی گئی کارروائیوں میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی جا رہی ہیں، جبکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

کوئٹہ میں موٹرسائیکل دھماکہ، 2 افراد ہلاک

ادھر کوئٹہ کے علاقے سریاب کیچی بیگ، کلی اللہ آباد میں ایک گھر کے اندر موٹرسائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کے دوران دھماکہ ہوا۔ ٹیم کے مطابق موٹرسائیکل میں تقریباً ایک کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

کوہاٹ کچہری کے مرکزی گیٹ پر پولیس پوسٹ پر فائرنگ

مزید برآں کوہاٹ میں کچہری کے مرکزی گیٹ پر قائم پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فائرنگ سے پولیس پوسٹ کو نقصان پہنچا۔

پنجاب میں سی ٹی ڈی کے 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 23 دہشتگرد گرفتار

دوسری جانب پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک ماہ کے دوران 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ساہیوال سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق رکھنے والا ایک خطرناک دہشتگرد بھی گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف 22 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button