کوہاٹ پولیس لائنز : نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 5 اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید، 57 زخمی
حملہ آور نے اسپیشل برانچ بلڈنگ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا،سی ٹی ڈی کی جوابی کاروائی،6دہشتگردہلاک،وزیراعلیٰ کا دہشتگردی کا نوٹس،صدر،وزیراعظم کا اظہار افسوس

کوہاٹ:(وائس آف نیشنز)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پشاور روڈ پر پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید ہوگئے جب کہ دھماکے میں 57 افراد زخمی ہیں۔
کوہاٹ پولیس لائنز مسجد پر دھماکے کے بعد 7 مسلح دہشتگردوں نے پولیس لائنز میں دراندازی کی، پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا، ابتدا میں دہشتگردوں کے اسنائپر کو جہنم واصل کر دیا گیا اطلاعات کے مطابق خود کش بمبار اور سنائپر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک کئے گئے، دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا بلال احمد فیضی نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کرک اور ہنگو سے اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔
آئی جی پی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے پرانا پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائن کے قریب دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
دوسری جانب کوہاٹ دھماکے پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ پرانا پولیس لائن میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مسجد اور نمازیوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ دہشت گردی ہے۔



