پاکستانتازہ ترین

ملتان میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح، جہاز وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، گھر لے کر نہیں جاؤں گی: مریم نواز

گرین الیکٹرک بس کا کرایہ 20 روپے، خواتین، طلبہ، خصوصی افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے سفر مفت ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

ملتان، لاہور (بیور وچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے اور صوبے کے عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پر دوسرے صوبوں کا حق کھانے کے الزامات درست نہیں، پنجاب اپنے حصے سے بھی دوسروں کو دیتا رہا ہے۔ ان کے مطابق ان پر ہونے والی تنقید دراصل ان کے بقول پنجاب کی ترقی پر تنقید ہے۔

سرکاری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9 ارب روپے کا طیارہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری طیارہ ہے اور وہ اسے اپنے گھر لے کر نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی وہ متاثرین تک کشتیوں کے ذریعے پہنچی تھیں اور ہر وزیراعلیٰ کو سرکاری طیارے کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں تقریباً پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کو جوابدہ ہیں، کسی یوٹیوبر کو نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر جہاز کے استعمال پر تنقید ہو رہی ہے تو وہ چنگچی پر بیٹھ کر بھی ملتان آ سکتی ہیں، تاہم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جہاں ضرورت پڑی وہ سرکاری طیارے کے ذریعے سفر کریں گی اور طیارے میں موجود ہونے کے باوجود ان کا دفتر کام کرتا رہتا ہے۔

ملتان میں الیکٹرک بس سروس

مریم نواز نے بتایا کہ ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز 60 بسوں سے کیا گیا ہے، جبکہ سروس کو مزید وسعت دی جائے گی۔ تازہ دستیاب معلومات کے مطابق ابتدائی سروس مختلف اہم روٹس پر چلائی جا رہی ہے اور ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر مزید بسیں شامل کرنے کا منصوبہ بھی موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکٹرک بس کا عام کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ و طالبات، خصوصی افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے سفر مفت ہوگا۔ بسوں میں خصوصی افراد کیلئے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت جبکہ خواتین کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کے آخری حصے تک وسعت دی جا رہی ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام جدید اور سستی سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ پنجاب حکومت نے جون 2027 تک صوبے میں 3 ہزار الیکٹرک بسوں کا ہدف بھی بیان کیا ہے۔

نویں جماعت کے نتائج پر اصلاحات کا فیصلہ

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں سکول ایجوکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خراب نتائج والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں طلبہ کے امتحانی نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے اور ہر کلاس میں ماہانہ و سالانہ امتحانات شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج والے سکولوں میں فوری ایکشن کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور اصلاحاتی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بہترین نتائج دینے والے سکولوں کیلئے انعامات کا اعلان کیا۔ سرکاری سکولوں میں کمزور طلبہ کیلئے ایوننگ کوچنگ شروع کرنے، ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں 45 دن میں پُر کرنے اور سبجیکٹ اسپیشلسٹس کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔

سکولوں کی نگرانی کیلئے یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

صحت کے شعبے میں اصلاحات

مریضوں کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ مریضوں کا تحفظ معیاری اور محفوظ علاج کا بنیادی تقاضا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں مریضوں کو محفوظ، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے جامع ہیلتھ ریفارمز شروع کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کے نظام میں مریضوں کی حفاظت اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری حنیف جٹ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button