اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے مرحوم رکن محمود بشیر ورک کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
حمزہ شہباز شریف نے مرحوم کے صاحبزادے راشد بشیر ورک اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور ان کے غم میں دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس صدمے کو برداشت کرنے کے لیے صبر و ہمت عطا فرمائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ محمود بشیر ورک کے انتقال پر انتہائی رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ محمود بشیر ورک نے عوامی زندگی میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور سیاست سے وابستگی اور عوامی خدمت کے باعث انہیں یاد رکھا جائے گا۔
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔



