اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی و تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کو بروقت قرضوں کی فراہمی معیشت کے فروغ کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے بینکوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم، ایس ایم ایز، زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی اور مالی وسائل تک رسائی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جن بینکوں کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے، انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، جس کے بعد حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم سے مستفید ہونے کے خواہشمند افراد کے لیے کوائف جمع کرانے اور درخواست دینے کا عمل مزید آسان بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے پاسکو کے غیرفعال گوداموں اور سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے تعاون سے اجناس کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھائی جائے تاکہ ذخیرہ کرنے کے نظام کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
پاکستان اور روس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر انداز میں استفادہ کیا جانا چاہیے۔
روسی وزیر داخلہ نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و اقتصادی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم نے منظم جرائم کی روک تھام کے لیے پاکستان اور روس کے درمیان تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبے کی ترقی کے لیے پائلٹ منصوبے کی تیاری میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت کے ساتھ جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں قیمتی پتھروں اور جواہرات کی صنعت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غیرضروری تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی کان کنی سے لے کر تراش خراش اور ویلیو ایڈیشن تک ایک مکمل نظام تشکیل دیا جائے تاکہ مقامی وسائل سے زیادہ اقتصادی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیرمعیاری کان کنی اور قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ کے باعث ملک کو سالانہ اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں مؤثر اقدامات کے ذریعے پیداوار، معیار اور برآمدات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پوپ لیو XIV کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات
وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی مذہبی پیشوا پوپ لیو چہاردہم کی سرجری کے بعد جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے پوپ لیو کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے منصوبوں پر بریفنگ
وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
سفید چھڑی کے عالمی دن پر بصارت سے محروم افراد کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کی ہمت، حوصلے، عزم اور زندگی کے لیے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے شمولیت، مساوات اور وقار کے اصولوں کے مطابق ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جن سے بصارت سے محروم افراد کو معاشرے میں بھرپور شرکت کے مواقع میسر آئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرتی زندگی میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے ان کے اہل خانہ، معاون اداروں اور متعلقہ تنظیموں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور انسانی وقار کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔



