پاکستانتازہ ترین

لائیو اسٹاک کارڈ فیز ٹو کا آغاز، مریم نواز نے ڈیجیٹل افتتاح کر دیا

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لائیو اسٹاک کارڈ فیز ون کی کامیابی کے بعد فیز ٹو کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے کارڈ سوائپ کرکے سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

تقریب کے دوران لائیو اسٹاک کارڈ فیز ون کی ریکوری کا تناسب 96 فیصد رہنے پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے سکیم کے مختلف پہلوؤں، مالی معاونت اور مستقبل کے اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو اسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو فی مویشی 27 ہزار روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس رقم سے کسان ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر سمیت مویشیوں کی متوازن خوراک حاصل کر سکیں گے۔ قرض کی اصل رقم فارمرز ادا کریں گے، جبکہ سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔

حکومت کے مطابق فیز ٹو کے تحت دو سال میں 6 لاکھ مویشیوں کو متوازن خوراک فراہم کرکے گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے فارمرز کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سکیم کے تحت مویشیوں کی مفت ٹیگنگ اور منہ کھر کی بیماری کے خلاف ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ فارمرز اپنے بلاسود قرض کا 25 فیصد حصہ اے ٹی ایم کے ذریعے نقد رقم کی صورت میں بھی حاصل کر سکیں گے۔

میٹ ایکسپورٹ اور فارمرز کے لیے نئی سہولتیں

محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق لائیو اسٹاک کنیکٹ پورٹل کے ذریعے 23 ہزار سے زائد فارمرز کو گوشت برآمد کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ براہ راست منسلک کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے میٹ ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے آٹھ بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب اینیمل اینڈ میٹ ایکسپورٹ کمپنی (پامکو) کے ذریعے چین، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈیوں تک گوشت کی برآمد کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

حکومت پنجاب کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق لائیو اسٹاک کارڈ سکیم کے بعد خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 ہو گئی ہے، جبکہ پنجاب سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافے کی اطلاع دی گئی ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران گوشت کی برآمدات میں 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق مجموعی طور پر 23,312 فارمرز کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ تیار کیے گئے، جبکہ 1,739 فارمرز نے 70 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارمرز نے سکیم کے تحت دو کروڑ روپے کے منرل مکسچر، 87 لاکھ روپے کے سائیلیج اور 89 کروڑ 26 لاکھ روپے کا ونڈا خریدا۔ لائیو اسٹاک کارڈ کے لیے فارمرز آن لائن پورٹل کے ذریعے خود بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

فارمرز کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 0800-09211 قائم کیے جانے کی بھی اطلاع دی گئی۔

مریم نواز کی مریم اورنگزیب سے تعزیت

دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی رہائش گاہ پہنچیں، جہاں انہوں نے ان سے ملاقات کی اور ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

فتح 2 توسیعی رینج منصوبے پر مبارکباد

مزید برآں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل پراجیکٹ کی ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے فتح 2 توسیعی رینج میزائل منصوبے کو پاک فوج کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں سے منسوب کرتے ہوئے اسے قابلِ فخر کارنامہ قرار دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button