لاہور (بیورو چیف) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں اختلافِ رائے کو برداشت کرنا اور دلیل کے ساتھ بات کرنا جمہوری رویے کی بنیادی ضرورت ہے۔ اختلاف کرنے والوں کو ڈرانا دھمکانا، ان کی تضحیک کرنا یا گالیاں دینا درست نہیں، ہر شہری کو کسی بھی بڑے سیاسی یا مذہبی رہنما سے اختلاف کرنے کا حق حاصل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھڈیاں خاص میں عوامی خدمت کمیٹی کے زیر اہتمام جشنِ کھڈیاں سپورٹس میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں قائم مقام گورنر پنجاب نے خصوصی شرکت کی۔ سپورٹس میلے میں کرکٹ، رسہ کشی، دوڑ اور دیگر کھیلوں سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ تقریب میں موجود نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور یہی نوجوان کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اپنی منزلیں طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہانِ تازہ اور افکارِ تازہ کی بحث حکومتی ایوانوں اور بڑی جامعات میں کہیں کھو گئی ہے۔ آج بھی جہانِ تازہ کی بات سننے کو دل کرتا ہے، اگر نئی سوچ اور نئے افکار سامنے نہ آئے تو معاشرے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں اب افکارِ تازہ پر گفتگو کی گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے، ایوانوں میں ہنگامہ آرائی جاری ہے جبکہ فکرِ اقبالؒ کے مطابق ایک نئے جہان کی تشکیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
قائم مقام گورنر پنجاب نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دلیل سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی، لیکن جواب میں گالیاں دی جا رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ اور عالمِ دین ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے تک جمہوری جدوجہد میں حصہ لیا، مختلف ایوانوں کے رکن اور کشمیر کمیٹیوں کے چیئرمین بھی رہے۔ ان کی دینی اور سیاسی خدمات قابلِ احترام ہیں، اس لیے ان کی دلیل پر مبنی گفتگو کو سننا چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان سے دلیل کے ساتھ چند سوالات کرنا چاہتے ہیں کہ علامہ اقبالؒ نے جس جہانِ تازہ کا خواب دیکھا تھا، اس کی عملی شکل کیا تھی؟ سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد جنگ میں شمولیت کی اجازت کس پارلیمان سے لی گئی؟ افغانستان کی جنگ میں شمولیت کے فیصلوں میں کس کی شراکت داری تھی اور مجاہدین و اس وقت کی امریکی حکومت کے ساتھ معاملات کس پارلیمان میں طے کیے گئے؟
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی جنگوں میں شمولیت کے فیصلے کیے گئے جن کی پارلیمان سے منظوری نہیں لی گئی تھی۔ ان فیصلوں کے اثرات آج بھی ہماری نسلیں خوف اور دہشت کی صورت میں بھگت رہی ہیں۔ دہشت گردی کے باعث سکولوں، کالجوں، بازاروں، عدالتوں، فوج اور پولیس سمیت مختلف شعبوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی قیادت اور مدارس سے نکلنے والے عناصر کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر بھی جواب دینا ہوگا۔ یہ وضاحت ضروری ہے کہ پارلیمانی منظوری کے بغیر کیے گئے ان فیصلوں کو کس بنیاد پر جہاد فی سبیل اللہ قرار دیا گیا اور ان کے نتیجے میں دہشت گردی کو کس طرح فروغ ملا؟
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی کے فیصلوں کی دلیل کے ساتھ وضاحت کریں۔ یہ قوم کے ایک عام فرد کی حیثیت سے اکابرین سے سوالات ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بعض فیصلوں کو قابلِ قبول اور بعض فوجی فیصلوں کو ناقابلِ قبول قرار دینے کا معیار کیا تھا؟ جن علاقوں میں جمعیت علمائے اسلام کا اثر و رسوخ رہا، وہاں مخصوص سوچ کے غلبے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کے حوالے سے بھی وضاحت سامنے آنی چاہیے۔
انہوں نے لیگل فریم ورک آرڈر، باوردی صدر کے انتخاب، حسبہ بل، متحدہ مجلس عمل کے قیام اور 2002ء کے انتخابات سے متعلق فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حسبہ بل سے اختلاف تھا تو اس کی بنیاد کیا تھی؟ مسلک کی بنیاد پر شریعت کے نفاذ کی تقسیم کیسے قابلِ قبول ہو سکتی ہے اور دوسرے مسالک کے افراد اپنے عقائد کے برعکس قانون کیسے تسلیم کر سکتے ہیں؟
انہوں نے مزید سوال کیا کہ جنرل پرویز مشرف کے باوردی صدر اور منتخب صدر ہونے کے معاملے پر اس وقت کیا مؤقف اختیار کیا گیا تھا اور متحدہ مجلس عمل کے قیام سمیت 2002ء کے انتخابات سے متعلق فیصلے کس پارلیمان میں کیے گئے تھے؟
قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ صرف زورِ خطابت سے اپنی پسندیدہ بات کو درست اور ناپسندیدہ بات کو غلط قرار نہیں دیا جا سکتا۔ معاشرے میں افہام و تفہیم کے ساتھ رہنے کے لیے دلیل اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا۔ اختلافِ رائے کا جواب گالی کے بجائے دلیل سے دیا جائے اور کسی بھی شہری کو اس کے مؤقف کی بنیاد پر خوف زدہ یا تضحیک کا نشانہ نہ بنایا جائے۔



