پاکستانتازہ ترین

ترقیاتی منصوبوں کا فوکس ایک شہر تک محدود نہیں، 40 اضلاع ہیں: مریم نواز

پنجاب میں پہلی بار آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، ملتان میں کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین نصب؛ شجاع آباد، خان گڑھ چناب پل کی تجویز سے اتفاق

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا محور صرف لاہور نہیں بلکہ پنجاب کے تمام 40 اضلاع ہیں۔ پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر علاقے اور عوام تک پہنچ سکیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں متعلقہ حلقوں میں عوامی مسائل کے حل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کی تجاویز نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور جلالپور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی ریکارڈ مدت میں تعمیر پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

شجاع آباد، خان گڑھ کے درمیان چناب پل کی تجویز پر اتفاق

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان دریائے چناب پر پل کی تعمیر کی تجویز سے اتفاق کیا، جبکہ جیل کو دوسری جگہ منتقل کرکے موجودہ مقام پر عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا حکم بھی دیا، تاکہ شہریوں کو سفری سہولتوں کی فراہمی اور ٹریفک کے مسائل میں بہتری لائی جاسکے۔

ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ترقی کے میدان میں نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

ارکان اسمبلی نے امن و امان کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبضہ گروپوں کے خاتمے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے گئے ہیں۔

ترقیاتی منصوبے آبادی کے تناسب سے شروع کیے جا رہے ہیں: مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا فوکس کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ صوبے کے 40 اضلاع ہیں۔ گرین بس سروس بھی پہلے پنجاب کے دور دراز علاقوں میں متعارف کرائی گئی اور بعد میں لاہور میں شروع کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور تمام علاقوں کی متوازن ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی کو اپنے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے اور انہیں اس عمل میں شامل کیا جائے۔

ملتان میں کینسر کے علاج کے لیے جدید مشین نصب

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین میو ہسپتال لاہور کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں بھی نصب کردی گئی ہے۔

ان کے مطابق اس مشین کے ذریعے ملتان سمیت دیگر صوبوں سے آنے والے کینسر کے مریض بھی بغیر سرجری علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے، جس سے مریضوں کو علاج کی جدید سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

بلوچستان میں 11 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشنز پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پنجگور اور چاغی میں 11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button