google-site-verification: google86e8af3a50b80061.html
پاکستانتازہ ترین

پنجاب، اسپین بزنس کونسل اور مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجاویز، مریم نواز سے اسپین کے سفیر کی ملاقات

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپین کے سفیر کارلوس ارگون گل ڈی لا سرنا نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور اسپین کے درمیان کاروباری، تجارتی، ثقافتی اور ماحولیاتی تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسپین کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپین کے سفیر کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے فٹ بال ورلڈ کپ میں اسپین کی کامیابی پر انہیں مبارکباد بھی دی۔

مریم نواز شریف اور اسپین کے سفیر کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور اسپین کے مابین تجارتی و کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پنجاب-اسپین بزنس کونسل کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے کاروباری وفود کے تبادلوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی بات چیت ہوئی۔

موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تجویز

ملاقات میں جنگلات میں آتشزدگی، فضائی آلودگی، سموگ اور ہیٹ ویوز جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پنجاب اور اسپین کے ماہرین پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اسپین کے تجربات اور جدید طریقہ کار سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹیز بنانے پر غور

ملاقات میں لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے بارسلونا کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بارسلونا کے اربن پلاننگ ماڈل سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، خصوصاً سڑکوں اور عوامی مقامات کو شہریوں کے لیے مزید پبلک فرینڈلی بنانے کے تجربے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

دونوں جانب سے ثقافت اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور میں پائلٹ فٹ بال اکیڈمی کے قیام پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران اسپین کی معروف فٹ بال لیگ لا لیگا کے تعاون سے لاہور میں کوچز اور فٹ بالرز کے لیے پائلٹ فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپین کے سفیر اور کاروباری وفود کو لاہور اور سیالکوٹ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسپین سے آنے والے تجارتی اور ثقافتی وفود کو پنجاب میں خوش آمدید کہا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اسپین کے اقدام کو بھی سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے مسقط کی دعوت

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کی تقریب میں شرکت کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا ہے۔ عالمی یوم رہائش کے موقع پر عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ اعزاز پیش کیا جائے گا۔

یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی اعزاز ہے، جو سستی اور مناسب رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف افراد، شہروں، حکومتوں، سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی تنظیموں، تحقیقی اداروں اور منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔

گزشتہ 37 برس کے دوران تقریباً 200 یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈز دیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں اس اعزاز کی وصولی کی آخری مثال 2007 میں سامنے آئی، جب ایرا کے ڈپٹی چیئرمین نے یہ ایوارڈ وصول کیا تھا۔

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ایوارڈ کے لیے منتخب

پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کے لیے نمایاں منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور انگلینڈ/لندن کو بھی اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے خصوصی دعوت پر ایوارڈ تقریب میں شرکت کریں گی، جہاں انہیں عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں اعزاز پیش کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان لوگوں کے لیے ہے جنہیں اپنے گھر کی ضرورت تھی۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا بہترین لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button