لاہور (بیورو چیف) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کا اعتماد اور مثبت فیڈ بیک ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں نادرا کے 24 گھنٹے فعال میگا سینٹر شملہ پہاڑی کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے شہریوں کو شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہریوں سے دستاویزات کی تیاری میں لگنے والے وقت، عملے کے رویے اور انہیں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر شہریوں نے نادرا میگا سینٹر کے اندر تیز رفتار خدمات اور عملے کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم ٹوکن کے حصول کے لیے سینٹر کے باہر انتظار کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
بعض شہریوں نے بتایا کہ ٹوکن حاصل کرنے کے لیے باہر انتظار کرنا پڑتا ہے، لیکن سینٹر کے اندر داخل ہونے کے بعد ان کا کام تیزی سے مکمل ہو جاتا ہے۔ بعض افراد کے مطابق انہیں صرف 10 منٹ میں اپنی باری مل گئی اور دستاویزات کی تیاری کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ایک بزرگ شہری نے بھی عملے کے تعاون اور بہتر رہنمائی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ چند منٹ میں ان کا کام مکمل کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینٹر کے اندر شہریوں کے لیے بہترین انتظامات اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر نادرا کے عملے کو شاباش دی۔ انہوں نے ٹوکن کے حصول کے لیے انتظار کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو سینٹر کے اندر جس تیزی اور سہولت کے ساتھ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، اسی طرح ٹوکن کے حصول کے مرحلے پر بھی انہیں انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔
وزیر داخلہ نے دورے کے دوران بعض شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری احکامات بھی جاری کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کا اعتماد اور ان کی جانب سے ملنے والا مثبت فیڈ بیک ہی کسی ادارے کی کارکردگی جانچنے کا حقیقی پیمانہ ہے۔
محسن نقوی نے چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو بھی قابل تحسین قرار دیا اور شہریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔



