پاکستانتازہ ترین

قومی سلامتی، سیاسی استحکام اور انصاف کو یکساں اہمیت دی جائے: سپیکر پنجاب اسمبلی

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ معاہدہ امن، استحکام اور معاشی و تکنیکی تعاون کی بنیاد بن سکتا ہے: ملک محمد احمد خان

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ معاہدہ اجتماعی دفاع کے ساتھ امن، استحکام اور وسیع تر معاشی و تکنیکی تعاون کی بنیاد بن سکتا ہے۔ دفاعی صلاحیت کا مقصد جنگ نہیں بلکہ مؤثر دفاع اور امن کو یقینی بنانا ہے، جبکہ پاکستان کو اپنی سٹرٹیجک شراکت داری کو معاشی ترقی، سرمایہ کاری، تجارت، ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا۔

گوجرانوالہ کی ایک نجی یونیورسٹی میں ’’مکہ سے عالمی شراکت داری: سلامتی، معاشی ترقی اور مسلم دنیا میں پاکستان کا ابھرتا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جامعات صرف ڈگریاں دینے کے مراکز نہیں بلکہ قومی قیادت، تحقیق اور عملی صلاحیتوں کی تیاری کے اہم مراکز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دورانِ تعلیم عملی تجربات، کاروباری مواقع اور عالمی اداروں سے روابط فراہم کرکے انہیں مستقبل کی معیشت کے تقاضوں کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔

اسلامی سیاحت کے فروغ سے معیشت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے

مزید برآں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لاہور میں دوسری بین الاقوامی اسلامی سیاحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخی ورثے، متنوع ثقافت اور مذہبی مقامات سے مالا مال ملک ہے، جہاں اسلامی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی سیاحت کو قومی معیشت کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے جامع تحقیق، مربوط حکمت عملی اور وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر تعاون ضروری ہے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سیاحت کو قومی معیشت کے ساتھ مؤثر طور پر منسلک کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ، مشاورت اور مربوط پالیسی کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

قومی سلامتی اور انصاف کو یکساں اہمیت دینا ہوگی

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یکساں اہمیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم معاشرے کے لیے قومی سلامتی کے ساتھ سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

ملک محمد احمد خان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

VON Urdu | عوام کی آواز، ذمہ دار صحافت

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button