لاہور (سلمان حسین) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نوجوان کرکٹرز کو محنت اور کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ کی بنیاد پر ہوگی اور جو کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں گے، انہیں ٹیم میں جگہ دی جائے گی۔
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے افتتاحی میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی بھرپور محنت کریں اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں، کیونکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے کے مواقع موجود ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 50 بہترین اسکولوں کی ٹیموں کو اپنی نگرانی میں لے گا اور نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن اسکولوں کے پاس کرکٹ گراؤنڈز موجود نہیں، ان کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے گراؤنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
پی سی بی کا اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح پر سامنے لانے اور انہیں کرکٹ کے باقاعدہ ڈھانچے سے منسلک کرنے کے لیے جاری ہے۔ پی سی بی کے مطابق پروگرام کے دوسرے سیزن میں اس کا دائرہ 100 اضلاع کے 1,400 اسکولوں تک بڑھایا گیا ہے۔
پروگرام کے پہلے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھی خصوصی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ پی سی بی کے مطابق اسکول کرکٹ کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو عمر کے مختلف درجوں کے کرکٹ پاتھ وے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد اسکول کی سطح پر باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی نشاندہی، انہیں کھیلنے کے مواقع کی فراہمی اور مستقبل میں ملکی کرکٹ کے لیے ٹیلنٹ پول کو وسیع کرنا ہے



