لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دینِ اسلام محبت، بھائی چارے، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے، توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام سمیت ہم سب کو ملک کی سالمیت اور استحکام کی خاطر ایک پیج پر کھڑا ہونا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے انتشار کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک اس وقت کسی قسم کے احتجاج اور مظاہروں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد اور ملکی امن و سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران علمائے کرام نے کہا کہ وہ کسی قسم کی احتجاجی سیاست اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں ہیں اور پاکستان کے امن و سلامتی کے حامی ہیں۔ وفد کے ارکان نے واضح کیا کہ وہ کسی دھرنے یا احتجاج کے ساتھ نہیں ہیں۔
ایکوئٹی لاء چیمبر کا دورہ
دریں اثنا گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایکوئٹی لاء چیمبر گلبرگ کا دورہ بھی کیا، جہاں سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شہزاد سعید چیمہ ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر الفرید نے گورنر پنجاب کو ایکوئٹی لاء چیمبر کی غرض و غایت اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔



