کراچی (ویب ڈیسک) خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان میں بھوک کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (WFP) کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زچہ و بچہ کی صحت، ماں کا دودھ پلانے، حفاظتی ٹیکہ جات، بچوں کی مناسب نشوونما کے فروغ اور غذائی کمی دور کرنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے یہ بات اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام پاکستان کی نمائندہ اور کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ملاقات میں پاکستان میں غذائی تحفظ، ماں اور بچے کی صحت، بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے اور صحت مند نشوونما کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خاتونِ اول نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے ماں کا دودھ پلانے کے فروغ، بچوں کے بروقت حفاظتی ٹیکہ جات اور بچپن میں مناسب نشوونما کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے بچوں میں غذائیت کی کمی دور کرنے اور انہیں مناسب خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں اور عالمی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے پاکستان میں بھوک کے خاتمے اور غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے عالمی خوراک پروگرام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



