پاکستانتازہ ترین

بہتر معاشی پوزیشن سرمایہ کاری، پائیدار ترقی کے نئے دروازے کھولے گی: شہباز شریف

زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچنا معاشی استحکام کی جانب اہم سنگ میل ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 11 ستمبر 2026 کو بینک کے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر 21.389 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر اور سروسز کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں بہتری اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کی عکاسی کرتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف ملک کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا بلکہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی استعداد بھی بہتر بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مستحکم معاشی پوزیشن ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اس اہم پیش رفت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسٹیٹ بینک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 11 ستمبر کو پاکستان کے مجموعی مائع زرمبادلہ ذخائر 26.791 ارب ڈالر تھے، جن میں بینکوں کے 5.402 ارب ڈالر بھی شامل تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button