لاہور، اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آج سے ہوگا، جس کے تینوں میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا پہلا ٹی20 میچ آج، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سیریز کے تمام میچز پی سی بی لائیو پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ شائقین کرکٹ پی سی بی لائیو کی ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے بھی میچز کی لائیو سٹریمنگ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
پی سی بی کا او ٹی ٹی پلیٹ فارم پی سی بی لائیو مستقبل میں ہونے والے دیگر کرکٹ مقابلوں کے لیے بھی شائقین کو براہ راست نشریات کی سہولت فراہم کرے گا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعینات کردی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی سکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹی کے لیے کی گئی ہے۔ فوج کی تعیناتی محکمہ داخلہ پنجاب اور چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت جبکہ رینجرز کی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔



