لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زلزلے میں جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
21ویں قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ہر فرد آج بھی 2005 کے غیر معمولی زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے دکھ کو محسوس کرکے افسردہ ہے۔ اس قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی، ایثار اور احساس کا جذبہ ناقابل فراموش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ سے نمٹنے کیلئے مؤثر پالیسی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔ زلزلے اور سیلاب کے دوران عوام کا اتحاد، یکجہتی، ثابت قدمی اور حوصلہ مندی قومی کردار کی قابلِ فخر مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے، کیونکہ بروقت تیاری کے ذریعے انسانی جان و مال اور ماحول کو قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک اور سرگرم عمل ہیں۔
مریم نواز کی آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں مزدوروں اور ورکرز کی فلاح و بہبود سمیت لیبر قوانین اور صنعتی کارکنوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے آئی ایل او کے وفد کو صنعتی ورکرز کیلئے پنجاب حکومت کے تاریخی اقدامات اور منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبے میں ورکرز کی فلاح و بہبود، راشن کارڈ، لیبر قوانین اور لیبر کالونیوں سے متعلق اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے پنجاب میں صنعتی ورکرز کو راشن کارڈ فراہم کرنے کے اقدام پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے صنعتی ورکرز کیلئے اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے اقدام کو بھی سراہا۔
گلبرٹ ایف ہونگبو نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
مریم نواز نے کہا کہ لیبر کوڈ 2026 کے تحت کم از کم اجرت میں اضافہ، مزدوروں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے خصوصی ہیلپ لائنز اور بحالی مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پیسی) محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں 70 ہزار سے زائد بچوں سے جبری مشقت کی نشاندہی کرکے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے گئے، جبکہ 3 ہزار 644 بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا گیا۔ گزشتہ تین سال کے دوران 49 لاکھ ورکرز کو کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی گئی جبکہ خلاف ورزی پر 752 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 12 لاکھ صنعتی ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے 3.7 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ لیبر انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ، چائلڈ لیبر کے خاتمے، پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت (OSH) پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی فیکٹریوں اور دفاتر میں خواتین کی شرکت بڑھانے کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل لیبر ویلفیئر کے تحت 577 ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ آئندہ دو سال کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی میں لیبر مارکیٹ ریسرچ سیلز اور ایمپلائمنٹ فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت آجروں کو لیبر قوانین کی پاسداری میں مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ معاشی ترقی اور سپلائی چین میں لیبر کے عالمی معیار کو شامل کرنے کیلئے آئی ایل او کی معاونت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے گرانٹس میں نمایاں اضافے کو بھی سراہا۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔



