پاکستانتازہ ترینسپورٹس

تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل آج لاہور میں، پاکستان اور سری لنکا ٹرافی کیلئے آمنے سامنے

لاہور (وی او این ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل آج (ہفتہ) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فیصلہ کن مقابلہ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں شرکت کی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کریں گے۔ پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ٹورنامنٹ میں سلمان علی آغا 158 رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں بیٹر ہیں، جبکہ عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں اور شاہین شاہ آفریدی نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم بعض شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ٹاپ آرڈر کو زیادہ رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم پہنچ کر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ فائنل ان کی ٹیم کے لیے انتہائی اہم مقابلہ ہے۔ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، تاہم سری لنکن ٹیم نے بھی فیصلہ کن میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں سری لنکا کی کارکردگی اچھی رہی تھی اور ٹیم فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ سری لنکا میں شائقین اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں، جبکہ پاکستانی شائقین نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button