پاکستانی گانے پسوڑی کے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز

لاہور:(کلچرل رپورٹر)کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول ترین گانے ’پسوڑی‘ نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا سنگ میل عبور کر لیا۔اس کے ساتھ ہی اس گانے کی ویڈیو 1 ارب مرتبہ دیکھی جانے والی پہلی پاکستانی میوزک ویڈیو بن گئی ہے۔
انسٹاگرام پر کوک سٹوڈیو نے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جس نے اسے سُنا، ساتھ گایا اور اسے اپنا بنایا۔ کوک سٹوڈیو نے ایک ریل بھی شیئر کی ہے، جس میں علی سیٹھی اور شے گل کے ہمراہ پروڈیوسرز ذوالفقار خان المعروف زلفی اور عبداللہ صدیقی موجود ہیں،انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی بدولت یہ مقبول گانا اس سنگِ میل تک پہنچا۔
علی سیٹھی اور شے گل کا یہ ڈوئٹ 7 فروری 2022ء کو ریلیز ہوا تھا، اس گانے کو 1 ارب ویوز کا ہندسہ عبور کرنے میں تقریباً 4 سال اور 7 ماہ لگے۔
ریلیز کے سال یہ سپاٹے فائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا تھا اور آج بھی یہ علی سیٹھی اور شے گل دونوں کا اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ سٹریم کیا جانے والا گانا ہے، جسے تقریباً 40 کروڑ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔



