لاہور سمیت پنجاب بھر میں 6 گھنٹے بجلی بند
جبری اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی نیندیں اڑا دیں،دن میں بھی مشکلات، تکنیکی خرابیوں،ٹرانسفارمر ز جلنے میں بھی اضافہ

لاہور:(بیوروچیف /سید ظہیر نقوی)لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ دو روز ہونے والی بارش سے موسم بدلنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا جن قابو میں نہ آسکا۔شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں جبری اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی نیندیں اڑا دیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں 2 سے 3 گھنٹے کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،لاہور کے مضافات اور دیگر شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5 گھنٹے سے زائد ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی لاسز فیڈرز پر دو سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہے ۔
دن کے اوقات میں سولر سسٹم کے باعث طلب میں کمی ہوتی ہے، دن کے اوقات میں شارٹ فال نہ ہونے کے باعث لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی،شام اور رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھتے ہی جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے،رات کے اوقات میں سسٹم پر دبائو بڑھنے سے تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر کے جلنے کی شکایات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
رات کے اوقات میں بجلی کی اوسط طلب 5 ہزار سے 5 ہزار 2 سو میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔بجلی کی طویل بندش اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔



