google-site-verification: google86e8af3a50b80061.html
پاکستانتازہ ترین

سہیل آفریدی کا مذاکرات سے قبل آج مارچ شروع کرنے کا اعلان، گنڈی چوک سے قافلہ روانہ ہوگا

پشاور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت اور ریاستی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے آج 4 اکتوبر کو احتجاجی مارچ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دن ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے عوامی قافلہ اپنے سفر کا آغاز کرے گا، جو آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جاری رہے گا۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات سے قبل سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ خود کو عقلِ کل سمجھنے والے پہلے بھی غلط تھے، آج بھی غلط ہیں اور جب تک اپنی پالیسیاں تبدیل نہیں کرتے، غلط ہی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے، جبکہ آئین ہر شہری کو پُرامن احتجاج کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطالبات مکمل طور پر آئینی اور قانونی ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کے اہلخانہ اور کارکنوں کو جائز قانونی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ اقتدار سے چمٹے ہوئے عناصر کو پاکستانی عوام سے خطرہ محسوس ہوتا ہے اور اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ملک میں انتشار پیدا کیا جا رہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف فوجی آپریشنز کرنا اور انہیں بے گھر کرنا کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ ڈرون حملوں اور نام نہاد کولیٹرل ڈیمیج سے دہشتگردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مؤقف صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگے میں تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی جماعتوں کے دستخط شدہ فیصلوں کا حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ رجیم چینج کے بعد جان بوجھ کر خیبرپختونخوا میں دہشتگردی دوبارہ مسلط کی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبے کی جانب سے خریدا گیا اسلحہ پولیس تک کیوں نہیں پہنچنے دیا جا رہا اور پولیس کو کن حالات میں کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے؟

انہوں نے بلوچستان اور وفاقی حکومت کے درمیان ہم آہنگی کے باوجود امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھائے۔ 9 مئی کے واقعات سے متعلق ان کا دعویٰ تھا کہ یہ ایک سازش تھی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز غائب کرنے والوں نے ہی یہ سب کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو دوبارہ ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button