پاکستانتازہ ترین

تحریک انصاف کا گورنر راج، ایمرجنسی چیلنج کرنے اعلان،اچکزئی مذاکرا ت پرتیار

جمہوریت پر جان لیوا وار ہوا :راجا ناصر عباس، گورنر راج کےخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(وی او این)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج لگنے کا معاملہ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالتوں میں چیلنج کرنا ہمارا حق ہے، ایک دن کے اندر عدالت سے رجوع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اب تک ہمارے سیکڑوں ورکرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تمام معاملات طے پاگئے تھے،وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم کابینہ اجلاس آگے لے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران حکومت نے مولانا کو فون کر کے بتایا ہم یہ کام کر رہے ہیں، تمام جمہورت پسندوں کو اب سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ تمام معاملات پر کبھی اتفاق نہیں ہوا تھا،حکومت نے مذاکرات کا ایجنڈا بدلا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے لیے ہر طرح کے مذاکرت پر تیار ہیں۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ آئین نے گارنٹی دی تھی کہ ملک میں جمہوری نظام ہوگا، ہمارا آئین کہتا ہے پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت پر ایسا وار ہوا ہے جو جان لیوا ہے، وفاق کی سالمیت خطرے میں آگئی ہے، ہر شہری کو اس پر تشویش ہونی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہاکہ (آج) منگل کو ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، کے پی گورنر راج کےخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے ناسور ہے، دہشت گردی کے خلاف عوام کو تقسیم نہیں کریں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے ہٹ دھرمی دکھائی، کے پی میں اچانک ہی حکومتی مشینری تبدیل کی گئی، پاکستان کا مقدر جمہوریت ہے، وفاق تب مضبوط ہوگا جب صوبے مضبوط ہوں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button