راولپنڈی (ویب ڈیسک) — چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کے لیے حقائق پر مبنی تجزیے کو اپنانا ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال سمیت خطے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ایک ایسی دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکتے ہیں جو بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور سوشل میڈیا و پراپیگنڈے کے اثرات سے متاثر ہو رہی ہے۔
اس موقع پر ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے اپنے جاری دورے کے دوران حاصل ہونے والے مثبت تجربات کا اظہار کیا۔
طلبہ نے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے پاکستان میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مواقع کو بھی اجاگر کیا۔



