لاہور، ہرنائی (ویب ڈیسک) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، پشاور اور لاہور سمیت متعدد اضلاع میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسم سرما کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں موسم سرما طویل ہوسکتا ہے، جبکہ موسم سرما کی بارشیں بھی معمول سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
ہرنائی میں سیلابی ریلہ، دو بچے جاں بحق
دوسری جانب ہرنائی کے سپین تنگی، یونین کونسل بابیان ٹو کے علاقے طورغوژہ ڈڈرہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
سیلابی ریلہ ندی کے قریب مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک گھر میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے پانی میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں سپین تنگی، بابیان کلی سہنی کے علاقے میں ندی کے کنارے سے برآمد کرلی گئی ہیں۔
شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث یونین کونسل بابیان ٹو میں بڑے پیمانے پر زرعی زمینوں، گھروں اور حفاظتی بندوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔



