google-site-verification=lY9Q0ltSKw-SRzooqMn9sstbtAm06IiRncsiBe1xwnw
پاکستانتازہ ترین

بلوچستان اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، حملہ ناکام، خودکش بمبار سمیت 17 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 17 دہشتگرد ہلاک کر دیے، جبکہ متعدد مبینہ ٹھکانے تباہ، اسلحہ، بارودی مواد اور آئی ای ڈی بنانے کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔

بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 13 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں آپریشن العزم کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد مبینہ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈی تیار کرنے کا سامان بھی قبضے میں لیا گیا، جبکہ متعدد دیگر دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

جنوبی وزیرستان میں خودکش حملہ ناکام

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش کی گئی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا چاہتے تھے، تاہم فورسز نے چوکی کے احاطے سے باہر ہی گاڑی کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ باقی تین دہشتگرد قریبی عمارت میں چھپ گئے تھے، جنہیں کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

محسن نقوی کا کوئٹہ دورہ، امن و امان پر اعلیٰ سطح اجلاس

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس کے بعد امن و امان کی صورتحال اور انسداد دہشتگردی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں بلوچستان پولیس اور انسداد دہشتگردی فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے، جدید وسائل کی فراہمی اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔

سرفراز بگٹی کا دہشتگردی کے خلاف دوٹوک مؤقف

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی جبکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button