اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کے جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفے کے بعد سامنے آئی ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے اپنے استعفے کی وجہ ذاتی وجوہات اور مصروفیات بتائی تھی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے بھی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کی مدت دو سال مکمل ہونے کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی سے نئے ارکان کی نامزدگی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی تعیناتیاں معمول کی کارروائی کا حصہ ہیں۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے اہم آئینی فورم ہے۔



