google-site-verification: google86e8af3a50b80061.html
پاکستانتازہ ترین

فیول سبسڈی سکیم سے 75 لاکھ شہری فائدہ اٹھا چکے: وزیراعظم

پاکستان کو اس کے اصل مقام پر لانا ہے، دنیا کے نقشے پر طاقتور معیشت کے طور پر سامنے آئے گا: شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث شہری فیول ریلیف اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں اور اب تک 75 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو اسکیم پر عملدرآمد اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 15 ستمبر سے شروع ہونے والی اسکیم کے مختصر عرصے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا ریلیف اسکیم سے مستفید ہونا باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اسکیم کے مؤثر اور شفاف طریقے سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق اسکیم کے آغاز سے اب تک جاری کیے گئے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ استعمال ہوچکے ہیں۔

حکومت نے اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ہدفی پٹرول ریلیف مقرر کیا ہے۔ سرکاری تفصیلات کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے فی ہفتہ 500 روپے جبکہ 800cc تک گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن میں 1000 روپے تک ریلیف کا طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان کو طاقتور معیشت بنانا ہے: وزیراعظم

دریں اثنا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غلطیوں کو درست کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مشکل حالات میں مل کر معیشت کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کے اصل مقام پر لانا ہے اور ان شاء اللہ دنیا کے نقشے پر پاکستان ایک طاقتور معیشت کے طور پر سامنے آئے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بھی بہتری آئی ہے۔ تاہم انہوں نے ایکسپورٹ انڈسٹری کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں حقیقی گروتھ دکھانا ہوگی۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات اور کمٹمنٹ کا بھی ذکر کیا۔

آسان خدمت مراکز میں توسیع کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مراکز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سرکاری کاموں کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان آسان خدمت سینٹرز کی کارکردگی، توسیع اور ملک کے مختلف علاقوں میں نئے مراکز کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نجی شعبے کے تعاون سے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پاکستان آسان خدمت مراکز قائم کیے جائیں۔

ترسیلات زر 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

وزیراعظم شہباز شریف نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں ملکی معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ملکی معیشت پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ جولائی اور اگست 2026 میں ترسیلات زر 7.3 ارب ڈالر تک پہنچیں، جبکہ اگست میں سالانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی محنت کی کمائی وطن بھیجتے ہیں۔ انہوں نے برآمدات میں 4 فیصد اضافے کو بھی ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ حکومت برآمدی شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button