شہباز شریف اور ٹرمپ کی ملاقات، وائٹ ہاؤس نے تصاویر جاری کردیں
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر کے استقبالیہ میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی
واشنگٹن (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کی تصاویر جاری کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے مختلف عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ تاہم اب وائٹ ہاؤس نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے دوران شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کی تصاویر جاری کی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات استقبالیہ میں کھانے کے موقع پر ہوئی، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔
جاری کی گئی تصاویر میں دونوں رہنماؤں کو ملاقات کے دوران خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔



