پاکستانتازہ ترینفن اور فنکار

عوام کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنا ضروری ہے، گورنر پنجاب

فلم انڈسٹری کی بحالی سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، فنکار پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، سردار سلیم حیدر

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی، وی او این ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، جبکہ فلم انڈسٹری کی بحالی سے نہ صرف تفریحی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

گورنر پنجاب سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین میاں امجد فرزند کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال، اسے درپیش مسائل اور بحالی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے زوال سے معاشرے میں تفریحی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے، جبکہ فنکار سرحد پار بھی ملک کی ثقافت، روایات اور مثبت پہچان کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری نے متعدد نامور فنکار پیدا کیے ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور فلمی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ایسے فنکار ملک کا قیمتی ثقافتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہیے۔

فلمی لیجنڈز کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ضروری

گورنر پنجاب نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ لیجنڈز کی فنی اور ثقافتی خدمات کو سراہنے کے لیے انہیں قومی اعزازات دلانے کی غرض سے سفارشات پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق فنکاروں کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہوگا بلکہ نئی نسل کو بھی فنونِ لطیفہ کے شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی۔

اس موقع پر فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے گورنر پنجاب کو فلم انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کی سرپرستی کی جائے اور اس شعبے کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

میاں امجد فرزند نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی اور بحالی سے نہ صرف ملکی ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، تکنیکی عملے اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کی شرکت

ملاقات میں فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات شان شاہد، سید نور، ناصر ادیب، شہزاد رفیق اور ٹی وی اینکر ذوالفقار راحت سمیت دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔

وفد کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی، فنکاروں کی سرپرستی اور پاکستانی فلموں کے فروغ کے لیے حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button