
لاہور:(بیوروچیف) عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7روز کی توسیع کر دی ۔ پولیس نے حماد اظہر کو جناح ہائوس حملہ کیس میں 21روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔
پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے حماد اظہر کا مزید 14روزہ ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی۔حماد اظہر نے عدالت میں کہا کہ میری غیر موجودگی میں میرا 21دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، یہاں قتل کے ملزم کا 14روزہ ریمانڈ دیا جاتا ہے، کیا میرا جرم قتل سے بھی بڑھ گیا ہے؟۔
میری وکلاء اور فیملی سے بھی ملاقات نہیں کرائی گئی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے ملزم کا موبائل اور سم برآمد کرنی ہے، موبائل اور سم اہم ثبوت ہیں۔
عدالت نے حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد ازاں سناتے ہوئے مزید سات روزہ ریمانڈ منظور کر لیا گیا ۔
قبل ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر حماد اظہر نے قیدی وین سے میڈیا کو دیکھ کر کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہمیں کسی طرح کے جبر کی کوئی پروا نہیں۔حماد اظہر کا یہ بیان شوکت بسرا نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ۔



