پنجاب پولیس بے لگام؟خاتون ریڑھی بان کو جوتے مارنے والا ایس ایچ او گرفتار

لاہور:(بیوروچیف )ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے کمالیہ میں ریڑھی بان خاتون سے مبینہ بدسلوکی اور جوتے سے تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سخت نوٹس لے لیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر ایس ڈی پی او سرکل کمالیہ کی مدعیت میں سب انسپکٹر عمران غفور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عمران غفور تھانہ صدر کمالیہ میں ایس ایچ او تعینات تھا اور واقعہ کے بعد اسے پہلے ہی معطل کرکے محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی تھی۔ایف آئی آر کے مطابق 15 کی کال پر سب انسپکٹر نے مل فتیانہ کے علاقے میں عوام کی موجودگی میں چوری کے شبے پر ریڑھی بان خاتون پر جوتے سےتشددکیا تھا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے بدسلوکی کے مرتکب اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



