غزہ: ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے کلینک پر اسرائیلی حملہ، 2 کارکن شہید
مارے جانے والے دونوں افراد حماس کے ارکان تھے، صیہونی فوج کا دعویٰ
غزہ (ویب ڈیسک) غزہ شہر میں طبی امداد فراہم کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے ایک کلینک پر جمعہ کی شب اسرائیلی حملے میں اس کے دو کارکن شہید ہو گئے۔ تنظیم کے مطابق دونوں کارکن غیر مسلح چوکیدار تھے۔
تنظیم کا ردعمل
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے ایکس پر اپنے بیان میں اس حملے کو تنظیم پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ اس کی عمارتوں پر اس کے نشانات واضح طور پر موجود تھے۔ اسرائیلی فوج کو ان مقامات سے آگاہ کیا گیا تھا اور اسے معلوم تھا کہ یہ عمارتیں تنظیم کے زیرِ استعمال ہیں۔ تنظیم نے واقعے پر جواب دہی کا مطالبہ بھی کیا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے دونوں افراد حماس کے ارکان تھے اور ان میں سے ایک حماس کے توپ خانے کے یونٹ کا کمانڈر تھا۔ فوج کے مطابق دونوں افراد کلینک میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے دعوے کا ثبوت پیش نہیں کیا۔
اسرائیلی فوج نے ہسپتال کو نشانہ بنانے یا طبی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی تردید کی ہے۔ ٹیلیگرام پر جاری بیان میں فوج نے الزام لگایا کہ یہ اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ حماس بین الاقوامی تنظیموں میں اپنا اثر و رسوخ کیسے استعمال کرتی ہے۔
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اسرائیلی الزامات کے جواب میں انہیں بدنام کرنے کی مہم کا حصہ قرار دے کر اس کی مذمت کی۔
تنظیم کے 17 کارکن جاں بحق
تنظیم کے مطابق ان دو ہلاکتوں کے بعد اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں جاں بحق ہونے والے اس کے کارکنوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔



