پشاور، اسلام آباد (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران شمالی وزیرستان اور ٹانک میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ دوسری جانب ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر ٹانک میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے بھٹنی گروپ سے تھا۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے۔ رپورٹ کے مطابق اسامہ، بنوں کینٹ پر حملے میں ملوث دہشت گرد شعیب کا بھائی تھا۔
جمرود میں فائرنگ، پولیس اہلکار شہید
دوسری جانب ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کامران شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ جمرود کی حدود میں واقع علاقے جلال دین میں پیش آیا، جہاں اہلکار اپنی رہائش گاہ سے ڈیوٹی کے لیے جا رہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کامران موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی پر سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ جمرود میں پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔



