google-site-verification: google86e8af3a50b80061.html
پاکستانتازہ ترین

افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 ہلاک ہونے کا دعویٰ

بلوچستان کے ضلع کچھی میں بھی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 6دہشتگرد مارے گئے، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد، کلیئرنس آپریشن جاری

اسلام آباد، کوئٹہ، کابل (ویب ڈیسک) وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاک فوج نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان میں دو مقامات پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر انتہائی درستگی کے ساتھ کی گئی اور اس دوران شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاط برتی گئی۔

وزارت اطلاعات نے بتایا کہ آپریشن غضب لِلحق کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور مبینہ محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو افغانستان سے دہشتگردی کا خطرہ لاحق ہے اور افغانستان کا دہشتگردی کا مرکز بنے رہنا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ملک خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن غضب لِلحق جاری رکھنے کا عزم ہے۔

افغان حکومت کا فضائی حملوں کا دعویٰ

دوسری جانب افغان حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے کنڑ اور ہلمند میں فضائی حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

افغان حکومت کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ضلع کچھی میں 6 دہشتگرد ہلاک ہونے کا دعویٰ

ادھر بلوچستان کے ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

شمالی وزیرستان میں بھی کارروائی

خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، جس کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز عزم استحکام کے وژن کے تحت ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button