پاکستانتازہ ترین

پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں بڑا آپریشن، 750 ملین ڈالر کی منشیات ضبط

پی این ایس حنین، پی این ایس یرموک کی کارروائی، مشکوک کشتی سے 2800کلو سے زائد منشیات برآمد: آئی ایس پی آر

راولپنڈی، اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک ماہی گیر کشتی سے 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کرلی، جن کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انسدادِ منشیات کی یہ کارروائی پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے کی۔ میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے دوران مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا گیا اور تلاشی کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مجموعی مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر ہے، جو کارروائی کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

کامیاب آپریشن پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک کے افسران و جوانوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ عالمی میری ٹائم سکیورٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر مملکت کی پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور بحری راستوں کی حفاظت کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان امن و سلامتی کے فروغ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بحیرہ عرب میں پاکستان نیوی کی کارروائی کے دوران منشیات کی برآمدگی پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام میں پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے۔

محسن نقوی کی پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بحیرہ عرب میں کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن پر پاک بحریہ کی ستائش کی۔

انہوں نے پاکستان نیوی کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور کامیاب کارروائی کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button