پاکستانتازہ ترین

پاکستان نے دفاعی صلاحیت دنیا پر ثابت کی: سپیکر پنجاب اسمبلی

ملک محمد احمد کا گجرات چیمبر کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی صلاحیت کے ساتھ معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، سماجی نظم اور ترقی کے اہداف پر بھی یکساں توجہ دینا ہوگی۔

گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود کاروباری برادری کی جانب سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا جاری رہنا امید کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے مؤثر دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس سے دنیا نے ملک کی عسکری اور تکنیکی استعداد کا مشاہدہ کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی دفاعی صلاحیت نے ملک کے دفاع اور قومی اعتماد کو تقویت دی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ریاستوں کے درمیان تنازعات کا حتمی راستہ جنگ نہیں بلکہ سفارت کاری، مکالمہ اور امن ہے۔ جنگ کی صورت میں سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچتا ہے، اس لیے خطے میں پائیدار امن کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے مشکل علاقائی حالات میں دفاع کے ساتھ ساتھ امن کے لیے بھی سفارتی کردار ادا کیا ہے، جو ملک کے لیے حوصلہ افزا امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اپنے کردار کے مطابق اندرون ملک بھی معاشی اور سماجی حالات بہتر بنانا ہوں گے۔ معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، سماجی نظم کی بہتری اور ترقی کی رفتار تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق ملک کی سمت کو بار بار تبدیل ہونے سے بچا کر مسلسل اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری مشکل معاشی حالات میں بھی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔

ملک محمد احمد خان نے چیمبر کے انتخابات میں باہمی افہام و تفہیم اور اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے اسے کاروباری برادری کی مثبت روایات اور سیاسی پختگی کا مظہر قرار دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button