لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم صفائی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے، جبکہ صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پراجیکٹ نئے اور صحت مند پنجاب کی بنیاد ہے اور یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا ایک بڑا منصوبہ ہے۔ پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ ساتھ پنجاب کے 25 ہزار دیہات کی صفائی کے لیے بھی منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی شاہراہوں، گلیوں اور محلوں میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ گلی محلوں کی صفائی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم صفائی کو برقرار رکھنا شہریوں کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صاف ستھرا ماحول بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر معیار زندگی کی ضمانت ہے، جبکہ پنجاب کو صاف، سرسبز اور اہل پنجاب کو صحت مند بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کرۂ ارض کو صاف رکھنا ماحول کے تحفظ اور انسانی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔ اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھنا ہم سب کی اجتماعی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کچرے کی ری سائیکلنگ، ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پاکستان ہی صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔
مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں، پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں اور اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
قلات کے قریب دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، مریم نواز کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قلات کے قریب چمن کراچی ہائی وے پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہار تشکر کیا ہے۔
انہوں نے کارروائی میں 5 دہشتگردوں کی ہلاکت اور 23 مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔



